بنگلورو،12؍مارچ(ایس او نیوز) آخرکار کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی(کے پی سی سی) صدر کے تقرر پرجاری تعطل ختم ہوگیا - حسب توقع کانگریس کے مشکل کشا ڈی کے شیوکمارکو کے پی سی سی کا نیا صدر مقرر کردیا گیا -
کانگریس صدر سونیا گاندھی کی منظوری کے بعد اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے آج پریس ریلیز جاری کیا ہے- جس میں کہا گیا ہے کہ شیوکمارکے علاوہ کے پی سی سی کے لئے تین کارگزار صدور کا تقرر کیا گیا ہے - ایشور کھنڈر ے کو اس عہدہ پر بحال کیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ سلیم احمد اور ستیش جارکی ہولی کو بھی کے پی سی سی کارگزار صدور مقرر کیا گیا ہے -
اس پریس ریلیز کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سدارامیا کو سی ایل پی لیڈر اور لیڈر آف اپوزیشن کے عہدوں پر بحال کرکے پارٹی نے سدارامیا کے حریفوں کو زبردست جھٹکا دیا ہے - حالانکہ یہ مطالبہ کیا جارہا تھاکہ سی ایل پی لیڈر اور لیڈر آف اپوزیشن کے عہدے دوالگ لوگوں کو دئے جانے چاہئیں جبکہ سدارامیا نے بارہا کہاتھا کیونکہ ان دونوں عہدوں کا ہمیشہ قریبی ربط رہا ہے -کانگریس نے پہلی بار مسلم طبقہ سے سلیم احمد کو کے پی سی سی کا ورکنگ صدر مقرر کیا گیا ہے -
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ رکن کونسل ایم نارائن سوامی کو کرناٹک قانون ساز کونسل کا چیف وہپ اور رکن اسمبلی اجئے سنگھ کو کرناٹک لیجسلیٹیو اسمبلی کا چیف وہپ بنایا گیا ہے -سبکدوش ہونے والے کے پی سی سی صدر دنیش گنڈوراؤ کی خدمات کی پارٹی نے ستائش کی-
مجھے بڑی ذمہ داری دی گئی ہے: کے پی سی سی کا صدر مقرر کئے جانے پر اپنے تاثرات ظاہر کرتے ہوئے شیوکمار نے کہاکہ پارٹی ہائی کمان نے اس عہدہ کے ذریعہ مجھ پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے انہوں نے بتایا کہ طالب علمی کے دور سے وہ کانگریس سے جڑے ہوئے ہیں -اس وقت کے کانگریس قائد نے میری خدمات کے صلہ میں 1995 میں پہلی بار مجھے اسمبلی کا چناؤ لڑنے پارٹی ٹکٹ دیا - اس وقت سے اب تک میں پارٹی میں سرگرم ہوں -
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے ایک سرگرم ورکر کی حیثیت سے پچھلے دو دہوں سے میں پارٹی کی خدمت کررہاہوں - انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے ایک عام ورکر کی حیثیت سے کام کرنا الگ بات ہے لیکن اب جو عہدہ دیا گیا ہے اس کے ذریعہ مجھ پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی گئی ہے -کے پی سی سی صدر مقرر ہونے کے بعد یہاں ودھان سودھا میں پہلی بار میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے شیوکمار نے بتایا کہ جو ذمہ داری پارٹی ہائی کمان نے اب مجھے دی ہے وہ بہت بڑی ذمہ داری ہے - اس لئے پارٹی ہائی کمان کو مجھ سے جوامیدیں وابستہ ہیں ان پر کھرا اترنے کی میں ہمیشہ کوشش کروں گا-
سلیم احمد: کے پی سی سی کاورکنگ صدر بنائے جانے پر پارٹی ہائی کمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سلیم احمد نے کہاکہ پچھلے 32 سالوں سے وہ کانگریس میں سرگرم ہیں - پارٹی کے کئی قومی اور ریاستی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں - کارگزار صدر مقرر کئے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اور شیوکمار طالب علمی کے دور سے کانگریس سے جڑے ہوئے ہیں - ان کے ساتھ مل کر ہم تینوں کارگزار صدر پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے ہر ممکن کوشش کریں گے -
پارٹی ہائی کمان نے پارٹی سے وفاداری کا اعتراف کرتے ہوئے چاروں کو کرناٹک میں پارٹی کی شان وشوکت کو واپس لانے کے لئے یہ ذمہ داری دی ہے - ہم چاروں تال میل سے کانگریس کو مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے - انہوں نے بتایا کہ یوتھ کانگریس لیڈر کی حیثیت سے انہیں پارٹی کو منظم کرنے کا طویل تجربہ ہے -کانگریس کو ہر سطح پر مضبوط بنانے وہ اپنے اس تجربہ کا بھرپور استعمال کریں گے -